( نیوز ۷ دسمبر ہندوستان کے معروف و مقبول عالم دین ، ممتاز قومی و ملی رہنما، دار العلوم دیوبند کے رکن شوری و ایم پی کشن گنج حضرت مولانا اسرارالحق صاحب قاسمی آج ہمارے درمیان نہیں رہے ،ملی اطلاع کے مطابق صبح ساڑھے تین بجے اچانک دل کا دورہ پڑنے سے مولانا کا انتقال ہوگیا ،انا للہ وانا الیہ راجعون
حضرت کی طبیعت بالکل اچھی تھی ، کل شام کو انھوں نے اپنے قائم کردہ ادارہ ’’ دارلعلوم صفہ ٹپو‘‘ کشن گنج میں منعقدہ ایک پروگرام میں شرکت کی اور وہاں طلباء و اساتذہ سے خطاب بھی کیا تھا ، مگر موت و حیات اللہ عزو جل کی مرضی و مقدرات میں سے ہیں ،چنانچہ بقضائے الہی حضرت مولانا اس دار فانی سے رخصت ہوگئے ، حضرت کی نماز جنازہ بعد نماز جمعہ تین بجے ان کے وطن تارا باڑی ، ٹپو ضلع کشن گنج میں ادا کی جائے گی اور مقامی قبرستان میں تدفین عمل میں آئے گی ، رنج و الم کی اس سخت گھڑی میں تمام برادران اسلام حضرت کی مغفرت و بلندی درجات کی دعاؤوں کے ساتھ حضرت کے اہل خانہ و جملہ پسماندگان کے لیئے صبر واستقامت کی خصوصی دعاء فرمائیں ،
اللہ تعالی حضرت کو جنت الفردوس میں اعلی سے اعلی مقام عطا ء فرمائے اور مسلمانوں کو ان کا نعم البدل عطاء فرمائے۔ آمین

No comments: